پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ کے بعد صوبائی وزیر سعید غنی اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بھی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ سے شادی کی خبروں کو مسترد کردیا۔

حریم شاہ نے 28 جون کو تصدیق کی تھی کہ انہوں نے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی و وزیر سے ایک ہفتہ قبل شادی کرلی تھی۔حریم شاہ نے اگرچہ شادی کی تصدیق کی تھی لیکن انہوں نے شوہر کا نام نہیں بتایا تھا، جس کی وجہ سے ان کے شوہر سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئی تھیں۔

ابتدائی طور پر سوشل میڈیا پر یہ افواہیں پھیلیں کہ حریم شاہ نے میرپورخاص سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ سے شادی کرلی لیکن انہوں نے 28 جون کو ہی ایسی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے 28 جون کو اپنی فیس بک پوسٹ میں حریم شاہ سے منسوب تمام خبروں کو مسترد کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے خلاف مخالفین افواہیں پھیلا رہے ہیں۔

ذوالفقار علی شاہ کی جانب سے تردید کے بعد سوشل میڈیا پر پیپلز پارٹی کے دیگر ارکان اسمبلی و صوبائی وزرا کے نام حریم شاہ سے جوڑے جا رہے تھے اور حریم شاہ کی شادی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی رہی۔

اپنے ساتھ متعدد لوگوں کے نام جوڑے جانے اور متعدد لوگوں کو ٹک ٹاک اسٹار کا شوہر بنا کر سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کیے جانے پر حریم شاہ نے برہمی کا اظہار بھی کیا تھا اور لوگوں سے اپیل کی تھی کہ ان کا نام ہر ایرے غیرے شخص کے ساتھ نہ جوڑا جائے۔

سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی تھیں کہ مبینہ طور پر حریم شاہ نے صوبائی وزیر سعید غنی سے شادی کرلی، جس کے بعد انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں ایسے الزامات کی وضاحت کی۔

سعید غنی نے ایک ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنی واحد بیوی اور بچوں کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں، برائے مہربانی کرکے تصدیق کے بغیر خبریں نہ چلایا کریں۔

سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ وہ محترمہ (حریم شاہ) کو جانتے تک نہیں، وہ کبھی نہ ان سے ملے ہیں اور نہ کبھی انہوں نے ٹک ٹاک اسٹار کو دیکھا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ اگر واقعی بھی محترمہ نے شادی کرلی ہے تو وہ انہیں مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

مذکورہ ٹوئٹ سے قبل گزشتہ روز بھی سعید غنی نے ایک پریس کانفرنس میں حریم شاہ سے منسوب اپنے متعلق چلنے والی خبروں کو مسترد کیا تھا اور پریس کانفرنس میں انگوٹھی کے اپنے ہاتھ دکھائے تھے اور ساتھ ہی انہوں نے اپنی گھڑی بھی دکھائی تھی۔