ریاض : (کے این واصف) سعودی عرب میں برسرکار غیرملکی باشندوں کیلئے مسقط کے راستے سعودی عرب پہنچنے کا ایک اور موقع کھلا تھا مگر اب سلطنت آف عمان کی جانب سے پابندی کے بعد یہ غیرملکی پھر ایک بار مایوس ہوگئے۔ عمان نے اپنے ملک میں کوروناوائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کی خاطر بیرونی ممالک کی پروازوں پر 15 دن کی پابندی عائد کی ہے۔ واضح رہیکہ پچھلے دو ہفتوں میں عمان میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ سعودی عرب میں کام کرنے والے غیرملکی باشندے چند ہفتے قبل تک دبئی کے راستے سعودی عرب جاکر اپنی ملازمتوں سے رجوع ہورہے تھے لیکن حکومت سعودی عرب نے 3 جنوری سے متحدہ عرب امارات کی پروازوں کو بھی سعودی آنے پر پابندی عائد کردی جس کے بعد مسقط کا راستہ کھلا تھا جس پر بھی اب عارضی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کچھ ٹراویل ایجنسیوں نے توقع ظاہر کی ہیکہ حکومت بحرین‘ سعودی عرب جانے کے خواہشمند افراد کیلئے بحرین کے راستے سعودی عرب کے منصوبہ پر غور کررہی ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت بحرین کے حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں