ریاض ۔ سعودی میڈیا کے مطابق ملک کی وزارت صحت نے والدین پر زور دیا ہیکہ وہ اپنے 12 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کرائیں اور بچوں کو تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کی ہندوستانی قسم ’ڈیلٹا‘ سے محفوظ رکھیں۔ سعودی وزارت صحت کے حکام نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وائرس کی تبدیلی ایک قدرتی عمل ہے اور کورونا کی ہندوستانی قسم ڈیلٹا سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ وزارت صحت کے حکام نے کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین سے متعلق کی جانے والی تحقیق یہ بات ظاہر کرتی ہیکہ ویکسین بچوں کے لیے مؤثر ہے اور انہیں وائرس کی خطرناک قسم سے محفوط کرتی ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ بچوں اور نوجوانوں میں کورونا کے تشویشناک کیسز کی تعداد موجود ہے جن میں 12 اور 18 سال کی عمر تک کے بچوں کے کیسز سامنے آئے ہیں تاہم بچوں میں بڑی عمر والوں کے مقابلے میں پیچیدگیاں کم ہیں لیکن یہ بھی حقیقت ہیکہ بچوں اور نوجوانوں میں تشویشناک کیسز سامنے آئے ہیں۔ سعودی حکام نے تصدیق کی کہ کورونا کی ہندوستانی اقسام ڈیلٹا نے بچوں کو بھی متاثر کیا ہے اور دنیا بھر میں اس قسم کے وائرس کے بچوں پر حملہ آور ہونے کے ثبوت موجود ہیں جب کہ وائرس کی یہ قسم نوجوانوں پر زیادہ سامنے آئی ہے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں