سعودی عرب کے فٹ بال کھلاڑی مالا مال، مہنگی ترین کار کا تحفہ

1,011

قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں دو بار کے فیفا ورلڈ کپ چیمپئن ارجنٹائن کے خلاف سعودی عرب کی جیت کو فٹبال کی دینا میں سب سے بڑے سرپرائز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بہت سے لوگوں نے ارجنٹائن کی شکست کو ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا الٹ پھیر قرار دیا ہے۔

عالمی درجہ بندی میں ارجنٹائن اور سعودی عرب کے درمیان 48 پوائنٹس کا فرق ہے اسی لئے اکثریت کو یہ توقع تھی کہ فٹبال لیجنڈ لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹائن سعودی عرب کو آسانی سے شکست دے گا۔ ارجنٹائن تین سال سے ناقابل شکست ہے اور 2022 کا ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے فیورٹ میں سے ایک ہے۔

شائقین خوشی کے مارے آسمان پر ہیں اور اسی طرح پورے سعودی عرب کے لوگ بھی۔ ایک رپورٹ کے مطابق، شاندار جیت کے بعد سعودی عرب کے ہر کھلاڑی کو ملک کے شاہی خاندان کی جانب سے رولز رائس تحفے میں دی جائے گی۔ کہا جاتا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود قطر سے واپس آنے پر ہر کھلاڑی کو رولز رائس فینٹم پیش کریں گے۔

ناقابل یقین فتح کے بعد حیران سعودیوں نے بے ساختہ رقص شروع کر دیا تھا اور ریاض میں چلتی گاڑیوں کی کھڑکیوں سے اپنے ملک کا جھنڈا لہرایا۔

عرب نیوز کے مطابق بادشاہ نے شہزادے کی تجویز کے بعد ملک میں جشن کی تعطیل کا اعلان بھی کیا تھا۔ رپورٹ میں سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین اور طلباء کو چھٹی دی گئی تھی۔ حیرت انگیز فتح حاصل کرنے سے پہلے سعودی عرب نے ورلڈ کپ کے صرف 3 میچ جیتے تھے۔