سعودی عرب کی فتح کی خوشی میں شاہ سلمان کی ہدایت پربدھ کو تمام ملازمین اورطلبہ کی چھٹی

569

سعودی عرب العربیہ ڈاٹ نیٹ . سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود نے قومی فٹ بال ٹیم کی عالمی کپ کے پہلے میچ میں ارجنٹائن کے خلاف شاندار فتح کی خوشی میں بدھ کو تمام ملازمین اورطلبہ کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ارجنٹائن کے خلاف قومی ٹیم کی فتح کا جشن منانے کی تجویزپیش کی تھی اورشاہ سلمان نے اس کی منظوری دے دی ہےاورتمام ملازمین اور طلبہ کو چھٹی دینے کی ہدایت کی ہے۔

سعودی فٹ بال ٹیم کی جیت کاجشن منانے کی تعطیل کا اطلاق سرکاری اورنجی دونوں شعبوں کے ملازمین پرہوگا۔نیز تمام تعلیمی مدارج اور سطحوں میں زیرتعلیم طلبہ کوچھٹی ہوگی اور ان کے تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

اس سے قبل منگل کو قطر میں جاری فیفا عالمی کپ میں سعودی عرب نے اپنے پہلے میچ میں ارجنٹائن کودوایک سے شکست دے کر اب تک کا سب سے بڑا اپ سیٹ کردیا ہے۔سعودی عرب کے کھلاڑیوں نے اس میچ میں شاندار اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور فٹ بال کے عرب شائقین کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔

سعودی فارورڈ سالم الدوسری نے دوسرے ہاف کے آغاز میں گول کرکے اپنی ٹیم کودوایک کی برتری دلادی تھی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی تھی۔اس سے چند منٹ قبل صالح الشہری نے ارجنٹائن کے اسٹارلیونل میسی کے پینلٹی پر کیے گئے گول کے جواب میں پہلاگول کرکے میچ ایک ،ایک سے برابر کردیا تھا۔