سعودی عرب: کورونا کی ویکسین ایجاد کرنے کا دعویٰ کرنے والا پاکستانی گرفتار

3500سعودی عرب میں پولیس نے بدھ کے روز ایک غیر ملکی کو گرفتار کر لیا ہے جو مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم ہے۔ اس شخص نے لوگوں سے مال بٹورنے کے مقصد سے کورونا وائرس کی ویکسین ایجاد کرنے کا دوا کیا تھا۔ریاض پولیس کے مطابق اقامہ کے نظام کی خلاف ورزی کے مرتکب اس غیر ملکی کو وادی الدواسر کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ اس نے خود کو "ماہر صحت” کی حیثیت دے کر دعویٰ کیا تھا کہ وہ کورونا کے خلاف ویکسین تیار کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پکڑا جانے والا غیر ملکی پاکستانی شہریت رکھتا ہے۔ وہ عمر کی پانچویں دہائی میں ہے۔

واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے بدھ کے روز پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت میں کورونا وائرس کے 1325 نئے کیسوں کا اندراج ہوا ہے۔ اس دوران مزید 5 افراد فوت ہو گئے۔ اس طرح سعودی عرب میں اب تک اس وبائی مرض سے مرنے والوں کی تعداد 157 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ 169 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)