ریاض ۔ سعودی عرب کا یمن میں جاری تنازع کے خاتمے کے لئے نیا امن اقدام ماضی میں پیش کردہ منصوبوں اور تجاویز کاتسلسل ہے اور یہ اس کی یمن میں سلامتی اور استحکام کے لئے دلچسپی کا بھی مظہر ہے۔ یہ بات سعودی عرب کے نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے پیر کو سلسلہ وار ٹویٹس میں کہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ’’سعودی عرب یمن میں امن کا قیام چاہتا ہے۔حالیہ اعلان ماضی کی بحران کے خاتمے کے لیے خلیج اقدام سے تمام مشاورتی کوششوں تک تجاویز کاتسلسل ہے تاکہ ایک جامع سیاسی حل تک پہنچا جاسکے۔‘‘ وہ لکھتے ہیں کہ ’’نیا امن اقدام سعودی عرب کا یمن میں استحکام اور اس کی تمام یمنی گروپس کو متحد کرنے کی کوششوں کا بھی مظہر ہے تاکہ ان کی قومی ترجیحات کواوّلیت دی جاسکے۔‘‘ شہزادہ خالد نے کہا کہ ’’نئے امن اقدام کا مقصد یمنی عوام کو درپیش مسائل ومصائب کا خاتمہ ہے۔ یہ حوثیوں کو ایک موقع مہیّا کرتا ہے کہ وہ یمن اور اس کے معززعوام کے مفادات کو ایران کے توسیع پسندانہ عزائم پر ترجیح دیں۔‘‘انھوں نے ان ٹویٹس میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ’’حوثی اس امن منصوبہ کو فوری طور پر تسلیم کرلیں اور تمام یمنی فریقوں کے درمیان امن کے لئے مشاورت کا عمل شروع کریں تاکہ ایک جامع اور پائیدار سیاسی حل کے لیے پیش رفت کی جاسکے۔‘‘ نائب وزیردفاع نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ’’ہم اپنے وطن، اس کی سرزمین اور سرحدوں کا دفاع جاری رکھیں گے۔ہم حوثیوں کی جارحیت کے مقابلے میں یمنی حکومت اور اس کی مسلح افواج کی حمایت جاری رکھیں گے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں