ریاض: سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ وہ مملکت میں یوکرینی شہریوں کے سیاحتی اور کاروباری ویزوں میں مفت توسیع کرے گا۔ یہ اطلاع خلیج ٹائمز نے جمعہ کودی۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے یہ حکم انسانی ہمدردی کے پیش نظر دیا۔سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے مزید کہا کہ ویزوں میں توسیع نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے خود بخود ہو جائے گی۔ اس کے لئے مائیگریشن حکام کے پاس جانے کی ضرورت نہیں ہے ۔قبل ازیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے پاس یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا فون آنے کے بعد سعودی عرب نے یوکرین کے شہریوں کے ویزوں میں تین ماہ کی توسیع کردینے کا اعلان کیا تھا۔بات چیت کے دوران ولیعہد نے ہر اس چیز کے لیے مملکت کی حمایت کی توثیق کی جو بحران کو کم کرنے میں معاون ہے ، تمام فریقین کے درمیان ثالثی کی کوششیں کرنے کے لیے وہ تیار ہیں اور سیاسی طور پر بحران کو حل کرنے کے لیے تمام بین الاقوامی کوششوں کی وہ حمایت کرتے ہیں۔