سعودی عرب: ‘نیوم’ میں دنیا کی سب سے بڑی عمارتیں تعمیر کرنے کا منصوبہ
سعودی حکام کے مطابق ‘نیوم’ میگا سٹی منصوبے میں دنیا کی سب سے بڑی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔سعودی ذرائع نے العربیہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے منصوبے میں دو ایسی عمارتوں کی تعمیر بھی شامل ہے جو کہ تقریبا 500 میٹر بلند اور دسیوں میل تک لمبی ہوں گی۔
میگا سٹی کے منصوبے کے مطابق یہ بلند و وسیع عمارتیں بحیرہ احمر کے ساحل سے صحرا کی جانب تعمیر کی جائیں گی اور ان میں رہائشی، کمرشل اور دفتری بلاکس بنائے جائیں گے۔
یہ عمارتیں دنیا کی سب سے بڑی عمارتوں سے کئی گنا بڑی ہوں گی جو کہ عام طور پر فیکٹریاں یا شاپنگ مال ہوتی ہیں۔اس وقت دنیا کی سب سے بلند ترین عمارت دبئی میں موجود برج خلیفہ کی عمارت ہے جو کہ 828 میٹر بلند ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ نے نیوم کے موجودہ اور سابقہ ملازمین کے حوالے سے بتایا ہے کہ منصوبے کے ڈیزائنرز کو آدھامیل لمبی نمائشی عمارت تعمیر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
نیوم منصوبے کا اعلان سنہ 2017ء میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کیا تھا جو کہ مملکت کی جانب سے تیل پر معیشت کے انحصار کو کم کرنے کے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے وژن 2030 کا حصہ ہے۔
سعودی ولی عہد نے منصوبے کے اعلان میں نیوم کے ساتھ ‘دی لائن’ منصوبے کا بھی اعلان کیا تھا جس کے تحت صحرا میں ایک افقی شہر بسایا جائے گا جو کہ 170 کلومیٹر لمبا ہو گا۔اس شہر کو گاڑیوں سے پاک رکھا جائے گا اور شہر کو ملانے اور سامان کی ترسیل کے لئے زیر زمین ٹرین لائن بچھائی جائے گی اور شہر میں سڑکوں پر ٹریفک کو آنے کی کسی صورت اجازت نہیں ہو گی۔