سعودی عرب میں داخلے کے لیے ’ذاتی وزٹ‘ ویزا کے حصول کا سادہ طریق کارکیا ہے؟

686

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ’ذاتی وزٹ‘ ویزا حاصل کرنے کے لیے ایک نئے اور سادہ طریق کار کا اعلان کیا ہے۔اس ویزے پرزائرین مملکت کی سرزمین میں داخل ہوسکتے ہیں اور وہ سعودی شہری اپنے دوستوں یا جاننے والوں سے مل سکتے ہیں۔اس ویزے پر ان کے لیے مملکت کے علاقوں اور شہروں کے درمیان سفر اور نقل وحرکت ممکن ہوگی ۔وہ مکہ مکرمہ میں مناسک عمرہ کی ادائی اور مدینہ منورہ روضہ رسول ﷺ اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے علاوہ دوسرے مذہبی، تاریخی اور ثقافتی مقامات پر بھی جاسکتے ہیں۔

وزارت خارجہ نے بتایا کہ ویزا کے حصول کے لیے درج ذیل ویزا پلیٹ فارم ویب سائٹ پر بڑے آسان الیکٹرانک طریقے سے دائرکی جاسکتی ہے:: https://visa.mofa.gov.sa۔مملکت سعودی عرب کے شہری وزارت خارجہ میں ویزا پلیٹ فارم پراپنے دوستوں کے ذاتی سفر کی درخواست جمع کروا سکتے ہیں اور وہ متحدہ قومی رسائی پلیٹ فارم کے ذریعے لاگ ان کرکے اپنے دوستوں کو سعودی عرب آنے اور عمرہ ادا کرنے کی دعوت دے سکتے ہیں۔ وہ مدعو کیے جانے والوں کے لیے کوائف آن لاٗن پُرکریں گے۔اس ذاتی دورے کی درخواست پرضروری منظوری کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی اور ایک "ذاتی دورہ ویزا دستاویز‘‘جاری کیا جائے گا، جس کا ڈیٹاویب سائٹ پر’’دعوت کی درخواست‘‘ استفسار سروس کے ذریعے دیکھا جاسکتا ہے۔

وزارتِ خارجہ نے نشان دہی کی ہے کہ دورہ کرنے کے لیے مدعو کیا گیا شخص ویزا پلیٹ فارم میں ’’انٹری ویزا درخواست‘‘فارم بھرنے کے بعد فیس اور میڈیکل انشورنس کی ادائی کا عمل مکمل کرسکتا ہے ، اور پھر درخواست اورپاسپورٹ مہمان کے ملک میں مملکت سعودی عرب کے سفارت خانے یا قونصل خانے میں یا ان سے منظورشدہ مراکز یا دفاتر کے ذریعے جمع کراسکتا ہے، پھر وہ افراد داخلی ویزاکے اجراء کے بعد پاسپورٹ حاصل کرسکتے ہیں اور تمام فضائی، زمینی اور سمندری بندرگاہوں کے ذریعے مملکت میں آسکتے ہیں۔

یہ اقدام مملکت کے وژن 2030 ء کے مقاصد کے مطابق غیر ملکیوں کے اسفارکی تعداد میں اضافے کی کوششوں کے فریم ورک کے تحت کیا گیا ہے۔وزارت نے بتایا کی کہ ویزا پلیٹ فارم میں داخل ہوکرایسی درخواست پر کارروائی کی تفصیل جاننے کے لیے ،’’انکوائری‘‘آئیکن کا انتخاب کریں،مطلوبہ اعداد وشمار کو پرکریں۔نیزپہلے سے جمع کرائی گئی درخواستوں کا جائزہ لینے کے لیے’’انکوائری‘‘ پر کلک کرکے ان درخواستوں کے بارے میں پوچھ تاچھ ممکن ہے۔