سعودی عرب میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

1,663

سعودی عرب میں عسیر کے شمال میں ’’عقبہ شعار‘‘ میں بس کو حادثہ پیش آ گیا۔ اس خوفناک حادثہ میں 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ حادثہ پیر کی سہ پہر عسیر کے علاقے ’’ عقبہ شعار‘‘ پر پیش آیا۔

حادثے کی وجہ بس کی بریکوں کے خراب ہو نے کو قرار دیا گیا۔ بس بریک فیل ہونے کے باعث ایک پل سے ٹکرائی اور الٹ گئی اور اسے آگ لگ گئی۔ سول ڈیفنس کی ٹیمیں، ہلال احمر اور متعلقہ سکیورٹی حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔ نعشوں اور زخمیوں کو علاقے کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

مقامی حکام کے مطابق حادثے میں کم از اکم 20 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 29کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

متاثرہ بس خمیس مشیط سے مکہ مکرمہ جا رہی تھی، بس میں مقامی افراد کے علاوہ زیادہ تر غیرملکی سوار تھے۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ زائرین عمرے کی ادائیگی کے لیے مکہ جارہے تھے، زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔