ریاض : سعودی عرب میں حاملہ خواتین اب کرونا وائرس کی ویکسین لگوانے کے لیے اپنے ناموں کا اندراج کراسکتی ہیں۔سعودی وزارتِ صحت نے ٹویٹر پر یہ اعلان کیا ہے کہ خصوصی سائنسی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اب حاملہ خواتین کے لیے کووِڈ-19 کی ویکسینیں دستیاب ہیں۔اس نے حالیہ مطالعات کی روشنی میں کہا ہے کہ ویکسین سے کسی حاملہ خاتون یااس کے پیٹ میں نشوونما پانے والے جنین کو کوئی نقصان پہنچنے کا اندیشہ نہیں لیکن اگر وہ اس حالت میں کورونا وائرس کا شکار ہوجاتی ہے تو اس سے نہ صرف سنگین قسم کی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں بلکہ اس سے اس کے حمل کو بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ سعودی وزارت صحت کے اس اعلان سے قبل حمل کے دوران میں کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے سے متعلق ایک وسیع ترتحقیقاتی رپورٹ شائع ہوئی تھی۔اس میں تحقیقی شواہد کی روشنی میں یہ بتایا گیا تھا کہ ویکسین حاملہ خواتین کے لیے بھی عام عورتوں کی طرح محفوظ ہے۔اس رپورٹ کے ابتدائی نتائج امریکہ میں حمل کے دوران میں ماڈرنا یا فائزر میں سے کسی ایک کی ویکسین لگوانے والی 35 ہزارخواتین سے حاصل کردہ ڈیٹا سے اخذ کیے گئے ہیں۔ امریکہ کی سوسائٹی برائے تولیدی میڈیسن نے بھی الگ سے اس امرکی توثیق کی ہے کہ حاملہ خواتین کووِڈ-19 کی ویکسین لگوا سکتی ہیں۔سعودی میں شہریوں اور مکینوں کو کووِڈ-19 کی مفت ویکسینیں لگائی جارہی ہیں۔


اپنی رائے یہاں لکھیں