ریاض: سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے اتوار کو ملک بھر کی مساجد کی انتظامیہ کو ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں کورونا وبا کے پیش نظر ہیلتھ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ہدایات اور ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد پر زوردیا گیا ہے۔انہوں نے نمازیوں کو کورونا ’ایس او پیز‘ پرعملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے مساجد میں آتے وقت چہروں کو ماسک سے ڈھانپنے، اپنی جائے نماز ساتھ لانے، مساجد میں داخل ہوتے اور باہر نکلتے وقت ہجوم سے بچنے اور نمازیوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی ہے، تاہم دو صفوں کے درمیان ایک صف خالی چھوڑنے کی شرط منسوخ کردی گئی ہے۔سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور نے کورونا وبا کے دنوں میں مساجد میں اذان اور نماز کیلئے اقامات کے درمیان وقفہ میں کی گئی کمی منسوخ کرتے ہوئے سابقہ طریقہ کار کو بحال کردیا ہے۔نماز فجر سے قبل ملک بھرکی مساجد میں اذان اور اقامت کے درمیان 25 منٹ کا وقفہ ہوگا۔ نماز مغرب میں 10 منٹ اور دیگر تمام نمازوں کی اذان اور اقامت کے درمیان 20 منٹ کا وقفہ بحال کردیا گیا ہے۔ جمعہ کونمازجمعہ سے ایک گھنٹہ قبل مساجد کو کھول دیا جائیگا جبکہ نماز کے آدھے گھنٹے بعد مساجد کو بند کیا جائے گا۔ اسی طرح جمعہ کے خطبہ اور نماز کے دورانیہ کو محدود کرنے کا فیصلہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں