سعودی عرب ’منکی پاکس‘سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار

ریاض : سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ وہ منکی پاکس کے کسی بھی کیس کی نگرانی اور اس سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔اس نے واضح کیا ہے کہ ابھی تک مملکت میں اس کا کوئی کیس ریکارڈ نہیں کیا گیا ہے۔وزارت نے ہفتے کے روزایک بیان میں کہا ہے کہ اس وائرس سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کو رہ نما خطوط جاری کردیے گئے ہیں۔وزارت کے پاس کسی بھی کیس سے نمٹنے کے لیے مکمل احتیاطی تدابیر،علاج اور صحت کی دیکھ بھال کا منصوبہ تیار ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے صحت حکام عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اس بیماری کی تازہ پیش رفت کے بارے میں آگاہ رہیں۔برطانیہ، اسپین، پرتگال، جرمنی، اٹلی اور امریکہ سمیت متعدد ممالک میں اب تک ’’منکی پاکس‘‘وائرس کے کیسوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔اس کی سب سے پہلے بندروں میں شناخت کی گئی تھی۔ یہ بیماری عام طور پر قریبی رابطے کے ذریعے پھیلتی ہے اور ماضی قریب میں افریقا سے باہرشاذ و نادرہی پھیلی ہے۔البتہ اب اس سے مغربی ممالک میں انفیکشن کے نئے سلسلے نے تشویش کوجنم دیا ہے۔