جدہ ۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں اور مستقبل میں پاکستان میں ان کا اہم کردار دیکھ رہا ہوں۔ اتوار کو جدہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اوورسیز پاکستانی ہمیشہ میری سب سے بڑی طاقت رہے ہیں۔ سعودی عرب میں موجود پاکستانی کمیونٹی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’یہ دورہ پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا جس پر ہم سعودی قیادت اور حکومت کے شکرگزار ہیں۔ سعودی عرب اور یو اے ای نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی اور ادھار پر تیل فراہم کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ توقع سے زیادہ کامیاب رہا۔ ترسیلاتِ زر کو بڑھانے میں گورنر سٹیٹ بینک کا اہم کردار ہے۔ پاکستان کی معیشت فروغ پا رہی ہے اور تعمیراتی شعبے میں سب سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہورہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت فیصلہ کن وقت ہے، ایک طرف پرانا سٹیٹس کو اور مافیاز ہے جو پرانے نظام کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے عوام میرے ساتھ ہیں جو تبدیلی اور قانون کی بالادستی کی طرف چاہتے ہیں یہ اصل میں قانون کی بالادستی کی جدوجہد ہے۔ عمران خان کے مطابق ’اب تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا، کیونکہ پاکستان میں اب آگاہی پیدا ہوگئی ہے۔ وزیراعظم کے مطابق سوشل میڈیا نے عوام میں آگاہی پیدا کر دی ہے۔ روایتی میڈیا کو خرید بھی لیں تو سوشل میڈیا بہرحال موجود ہے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں