Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

سعودی عرب سے بین الاقوامی فضائی آپریشن جزوی بحال

 سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ مستثنیٰ زمروں کے سفر کے لیے تمام بین الاقوامی ایئر پورٹس پر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ جی اے سی اے نے منگل کو سرکاری ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ منگل پندرہ ستمبر سے جزوی طور پر بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

محکمہ شہری ہوابازی نے بتایا کہ منگل کو پہلی پرواز سعودی عرب سے روانہ ہوگئی ہے۔ تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں نے مستثنیٰ زمروں کے سفر کی منظوری کے پیش نظر تیاریاں مکمل کرلی تھیں۔ اس سلسلے میں وزارت صحت اور متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ کو آرڈینیشن ہے۔

محکمہ شہری ہوابازی کا کہنا ہے کہ مقررہ ضوابط کے مطابق کسی بھی غیرملکی کو سعودی عرب میں اس وقت تک داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاوقتیکہ وہ کورونا وائرس سے پاک ہونے کا ثبوت نہ پیش کردے۔ یہ ثبوت مملکت سفر کرتے وقت اپنے ہمراہ لانا ہوگا۔ کورونا وائرس سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ بیرون ملک صرف ایسے اداروں ہی کا معتبر مانا جائے گا جن کا سعودی عرب میں اندراج ہے اور جو مملکت کی نظر میں معتبر ہیں۔

بیان میں محکمہ شہری ہوابازی نے بیرون مملکت سے سعودی عرب آنے والوں سے کہا ہے کہ انہیں پی سی آر منفی ہونے کی صورت میں تین روز تک ہاؤس آئسولیشن میں رہنا ہوگا بشرطیکہ مملکت پہنچنے کے 48 گھنٹے بعد لیے گئے نمونے کے ٹیسٹ پی سی آر کی رپورٹ منفی ہو۔ کورونا ٹیسٹ کی وہی رپورٹ معتبر ہوگی جس کا نمونہ مملکت آنے سے 48 گھنٹے کے اندر لیا گیا ہو۔