سعودی عرب سے باہر پہلی بارعازمین حج وعمرہ کی رہ نمائی کے لیے تربیتی کورس
سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ کے زیراہتمام "لائسنس مرکز اور تربیت برائے حجاج ومعتمرین‘ کے زیراہتمام پہلی بار بیرون ملک تربیتی کورس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کورس اپنی نوعیت کا مملکت سے باہر منعقد ہونے والا پہلا کورس ہے۔ اس کورس میں بیرون ملک کارکنوں اور رضا کاروں کو حجاج کرام اور عمرہ زائرین کی خدمت کے بارے میں ضروری رہ نمائی فراہم کرنا ہے۔
بیرون ملک رضا کاروں کی تربیت سے حج یا عمرہ کی سعادت کے لیے حرمین شریفین کا رخ کرنے سے قبل عازمین اپنے ملک میں مناسک اور اس بابرکت سفر سے متعلق ضروری رہ نمائی حاصل کرسکیں گے۔
سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک رضا کاروں کی عازمین کی رہ نمائی سعودی وژن 2030 کےپروگراموں، اہداف اور مقاصد کا حصہ ہے۔ اس سلسلے میں پہلا تربیتی کورس ملائیشیا میں کرایا گیا ہے۔ اس کا مقصد حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بلند کرنا، ان کے سفر میں سہولت فراہم کرنا اور ان کے مذہبی اور ثقافتی تجربات سے مالا مال کرنا تھا۔