رياض – العربیہ ڈاٹ نیٹ۔ سعودی عرب کے صوبے قصیم میں ایک پٹرول پمپ پر آگ بھڑک اٹھی۔ سیکورٹی کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہونے والے اس واقعے کے مناظر سوشل میڈیا پر گردش میں آ گئے۔ وڈیو کلپ کے مطابق پٹرول بھروانے کے لیے آنے والی ایک گاڑی کے مالک سے جلتی ہوئی سگریٹ زمین پر گئی جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔

قصیم صوبے میں شہری دفاع کے ادارے کے میڈیا ترجمان بریگیڈیر جنرل ابراہیم ابا الخیل نے واضح کیا کہ ایک پٹرول پمپ پر کھڑی گاڑی میں جزوی طور پر آگ بھڑک جانے کی جو وڈیو سوشل میڈیا پر گردش میں ہے یہ واقعہ عنیزہ ضلع میں پیش آیا۔ آگ بھڑکنے کی وجہ گاڑی چلانے والے کی جانب سے سلامتی سے متعلق ہدایات کو نظر انداز کرنا تھا۔ وہ گاڑی میں پٹرول بھروانے کے دوران میں سگریٹ نوشی کر رہا تھا۔ اس کے سبب وہاں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ پر فوری طور پر قابو پا لیا گیا۔ تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ واقعے کے ذمے دار شخص کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جا رہی ہے۔