سعودی عرب اپنے دوخلابازوں کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پربھیجے گا
سعودی عرب 2023ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران میں اپنے دو خلابازوں کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر بھیجے گا۔ریانہ برناوی اور علی القرنی اے ایکس -2 خلائی مشن کے عملہ میں شامل ہوں گے۔ ان کی خلا میں روانگی مملکت کے ویژن 2030 کے مطابق ہے۔ یہ خلائی پرواز امریکاسے آئی ایس ایس کے لیے روانہ کی جائے گی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس اقدام کا مقصد انسانی خلائی پروازوں کےمیدان میں قومی صلاحیتوں کو بڑھانا اور بین الاقوامی خلائی صنعت میں فراہم کردہ مواقع سے فائدہ اٹھانا ہے۔اس کا مقصد’’سائنسی تحقیق میں حصہ ڈالنا ہے تاکہ صحت، پائیداری اور خلائی ٹیکنالوجی جیسے ناگزیر شعبوں میں انسانوں کے مفادات کی خدمت کی جاسکے‘‘۔برناوی اور القرنی کے علاوہ خلاباز مریم فردوس اور علی الغامدی کو بھی مشن کے تمام تقاضوں کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔