سعودی عرب: آج نماز جمعہ نہیں ہوگی، ظہر کی اذان دی جائے

ریاض :سعودی عرب کے وزارت اسلامی امور نے کہا ہے کہ کل جمعہ کو تمام مساجد میں ظہر کی اذان دی جائے گی جبکہ لوگ اپنے گھر وں میں ظہر پڑھیں گے۔سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ’ کل جمعہ کو مساجد میں نماز جمعہ کی طرح دو اذانوں کے بجائے صرف ظہر کی اذان دی جائے گی‘۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے ’فیصلے سے حرمین شریفین کو استثنیٰ ہے جہاں جمعے کی نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی‘۔وزارت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کل ظہر کی نماز گھروں میں انفرادی طور پر ادا کریں۔ سعودی عرب کی کسی مسجد میں نماز جمعہ نہیں ہوگی۔وزارت نے کہا ہے کہ ’کرونا وائرس کے باعث سعودی عرب کے سرکردہ علما بورڈ نے جمعہ اور باجماعت نماز معطل کرنے کا فتوی دیا تھا‘۔