ریاض : سعودی عرب اور کویت میں ہفتے کے روز نصف شب کے قریب اْس وقت دن کا منظر پیدا ہو گیا جب ایک چمک دار ستارہ آسمان سے ٹوٹ کر زمین کی طرف آ گیا۔ اس منظر کی وڈیو میں نظر آنے والے جرم سماوی کی رفتار 29 کلو میٹر فی سیکنڈ تھی۔عینی شاہدین کے مطابق یہ ٹوٹا ستارہ سعودی عرب کے شمال مشرقی شہر ’’حفر الباطن‘‘ کی فضا میں دیکھنے میں آیا۔

اسی طرح یہ ستارے کو کویت کے جنوب مشرقی حصے میں رہنے والے لوگوں نے بھی اپنی آنکھ سے دیکھا۔ ستارے کا رنگ نیلے کی طرف مائل تھا اور یہ زمین پر پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں جل گیا۔اس سلسلے میں سامنے آنے والی وڈیو میں یہ ٹوٹا ستارہ 3 سیکنڈ کے لیے دکھائی دیا۔ تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس کے سقوط کا دورانیہ وڈیو میں دیکھے جانے والے دورانیے سے 3 گنا زیادہ تھا۔جدہ میں فلکیاتی سوسائٹی نے فیس بک پر بتایا کہ اس ٹوٹے ستارے کے سبب سعودی عرب کے مختلف حصوں میں رات کے وقت آسمان روشن ہو گیا۔