سعودی عرب اور ترکی کے درمیان نئے دور کا آغاز

انقرہ : سعودی عرب اور ترکی نے اتفاق کیا ہے کہ دونوں ملک دو طرفہ تعاون کا نیا دور شروع کریں گے۔دونوں ملکوں کے درمیان اگلے دس سال کو تعاون کے ایک نئے دور کے طور پر لیا جائے گا۔اس امر کا اعلان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ ترکی کے اختتام پر جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ علاقائی اور عالمی مسائل کے حوالے سے اہم مسائل پر ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے دو طرفہ تبادلہ خیال کو فعال بنائیں گے تاکہ خطے میں سلامتی اور استحکام کی حمایت کی جا سکے اور تمام مسائل کے سیاسی حل میں مدد مل سکے واضح رہے کہ محمدبن سلمان اپنے سہ ملکی دورہ کے آخری مرحلے پر گزشتہ روز ترکی کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے صدر رجب طیب اردغان سے تفصیلی مذاکرات کیے۔اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر طیب اردغان سے اتفاق کیا کہ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھایا جائے،ان شعبوں میں معیشت، توانائی اور دفاع شامل ہوں گے۔