سعودی سکیورٹی فورسزرمضان کے آخری عشرہ میں عمرہ زائرین اورنمازیوں کےاستقبال کوتیار
سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز اورایجنسیاں رمضان کے مقدس مہینے کے آخری عشرے میں زئرین عمرہ اور نمازیوں کے استقبال کے لیے تیار ہیں۔مکہ مکرمہ میں وزارت داخلہ کے زیر اہتمام ایک نیوز کانفرنس میں حکام نے عمرہ اورعیدالفطر کے لیے وزارت کے منصوبے اور تیاریوں کے حوالے سے تفصیل بتائی ہے۔
ڈائریکٹرآف پبلک سکیورٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد بن عبداللہ البسامی نے کہا کہ اب تک عمرہ سکیورٹی فورسز نے رمضان المبارک کے دوران میں سلامتی اور حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے طے کردہ منصوبے کےاپنےاہداف حاصل کرلیے ہیں۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق جنرل البسامی نے کہا کہ فورسز رمضان کے 10 دنوں کے دوران میں بڑی تعداد میں لوگوں کی مسجدِحرام میں آمد پر صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
انھوں نے رمضان المبارک کے آغاز سے آپریشنز کو ہموارطریقے سے چلانے اور امن وسلامتی کی صورت حال کو یقینی بنانے کے لیے مختلف ایجنسیوں اور محکموں کے مابین روابط اور تعاون کی بھی تعریف کی۔شہری دفاع کے ڈائریکٹرجنرل میجرجنرل ڈاکٹر حمود بن سلیمان الفراج نے اس موقع پر کہا کہ سول ڈیفنس کی فورسزانتھک کام کر رہی ہیں۔
ایس پی اے نے الفرج کے حوالے سے بتایا کہ فورسز 48 مقامات پر عمرہ زائرین اور عبادت گزاروں کو خدمات مہیاکرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ شہری دفاع کی ٹیمیں اور یونٹس مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 111 سے زیادہ مقامات پرتعینات کیے جائیں گے۔
عمرہ زائرین کی آمد کے حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المربع نے کہا کہ تمام فضائی، زمینی اور سمندری سرحدیں تمام دفتری طریق کارکی ہموار اور تیزرفتار تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں۔