ریاض : ریاض میں سعودی پولیس نے سوشل میڈیا پر اشتہارات کے ذریعہ دھوکے بازی اور چالبازی کی کارروائیوں کا ارتکاب کرنے والے شہری کو آخر کار گرفتار کر لیا۔ یہ نوسرباز شخص بیواؤں اور مطلقہ خواتین کو امداد کا جھانسا دے کر ان سے مال اینٹھتا تھا۔سعودی وزارت داخلہ نے آج منگل کے روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی۔ ویڈیو میں یہ بتایا گیا ہے کہ کس طرح سیکورٹی فورسز کی معاون ایک خاتون نے اس مشتبہ شخص کو جال میں پھنسا کر قانون کے شکنجے میں لانے میں مدد کی۔ مذکورہ شخص بیوہ اور مطلقہ خواتین سے پیسے بٹور کر یقین دہانی کراتا تھا کہ وہ ضرورتمندوں کو امداد دینے والے اداروں یا انجمنوں میں متعلقہ کاغذی کارروائی مکمل کرا کر ان خواتین کو مالی امداد حاصل کرنے میں معاونت کرے گا۔