کولمبو،27اپریل.سری لنکا کے درالحکومت کولمبو کے مشرقی علاقے کلمونائی میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر تازہ کارروائی کے دوران خودکش دھماکوں میں 6 بچوں اور 3خواتین سمیت 15 افراد ہلاک ہو گئے۔سری لنکا پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق ایسٹر بم دھماکوں سے ہے۔
سری لنکا پولیس ترجمان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے گزشتہ شب کلمونائی میں واقع گھر پر چھاپا مارا، جس کے بعد عسکریت پسندوں سے سیکورٹی فورسز کا فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
غیر ملکی میڈیا سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق مقابلہ کے دوران 3خود کش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور 6بچے بھی ہلاک ہوئے جبکہ 3 خودکش حملہ آوروں کی لاشیں مکان کے باہر سے ملی ہیں۔سری لنکا پولیس کے مطابق واقعہ میں ایک شہری بھی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا۔واضح رہے کہ کولمبو سے 370 کلومیٹر دور واقع علاقے کلمونائی کے مذکورہ مکان میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور سیکورٹی فورسز نے یہ مشترکہ آپریشن کیا۔سری لنکا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ ایک گھنٹے چلنے والے مقابلے میں سیکورٹی فورسز کا کوئی اہلکار ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔