پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ عائزہ خان کا بھارتی اداکارہ سری دیوی کے بارے میں کہنا ہے کہ سری دیوی ایک ماں اور اداکارہ ہونے کی حیثیت سے ان کے لیے مثال ہیں۔اداکارہ عائزہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سری دیوی کا روپ دھارے اپنی چند تصاویر شیئر کی ہیں، یہ تصاویر عائزہ کے نئے پراجیکٹ ’گیتی‘ کے سیٹ پر لی گئی ہیں جس کے لیے انہوں نے اداکارہ سری دیوی سے مشابہہ روپ اختیار کیا ہے۔انہوں نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’گیتی سری دیوی کے روپ میں۔‘

عائزہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اداکارہ سری دیوی کی ایک یادگار تصویر بھی شیئر کی جس میں سری دیوی پیلے رنگ کی ساڑھی پہنے رقص کرتے نظر آرہی ہیں۔عائزہ نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری بہت ساری پسندیدہ اداکاراؤں میں سری دیوی سرِفہرست ہیں اور ہمیشہ رہیں گی۔‘

 

اداکارہ نے لکھا کہ ’افسوس کی بات ہے کہ وہ اتنی جلدی ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں۔‘انہوں نے سری دیوی کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’ وہ ایک ماں اور اداکارہ ہونے کی حیثیت سے میرے لیے مثال ہیں۔‘عائزہ خان نے اپنے نئے پراجیکٹ کے بارے میں لکھا کہ ’اس پروجیکٹ کا ایک حصہ بننے پر بہت شکر گزار ہوں جس نے مجھے اپنے تمام پسندیدہ شخصیات کے تھوڑے سے حصے سے لطف اندوز کرنے کا موقع فراہم کیا، وہ سب کچھ جومیں نے کبھی نہیں کیا اور نہ کبھی سوچا تھا کہ میں کرسکتی ہوں۔‘

 

واضح رہے کہ عائزہ خان آج کل شہرت کی بلندیوں پر ہیں اور اپنے سُپر ہٹ ڈراموں اور حسین فوٹو شوٹ کے ذریعے مداحوں کی آنکھوں کا تارا اور دلوں کی دھڑکن بنی ہوئی ہیں۔عائزہ خان کو پاکستان شوبز انڈسٹری میں ایک خاص مقام حاصل ہے اور مداحوں کی جانب سے عائزہ خان کو ایک سلجھی ہوئی، خوبصورت، باوقار اور سنجیدہ اداکارہ قرار دیا جاتا ہے۔