سرگودھا :دنیا میں حیران کن واقعات آئے روز سننے کو ملتے ہیں لیکن پاکستان کے سرگودھاکی تحصیل بھلوال میں ایسا انکشاف ہواہے کہ جان کر آپ کے بھی طوطے اڑ جائیں گے جہاں باپ نے الزام عائد کیاہے کہ اس کی سابقہ اہلیہ نے بدلہ لینے کیلئے اس کے سوتیلے بہن بھائیوں کی آپس میں شادی کروا دی . ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق سرگودھا کی تحصیل بھلوال کے گاﺅں ’ لوکری ‘ میں ایک شخص نے شکایت درج کی ہے کہ اس کے سابقہ بیوی اور رشتہ داروں نے ملی بھگت سے اس کے دو سوتیلے بچوں کے درمیان شادی کروا دی ہے .

والدسوبہ خان کے بارے میں معلوم ہواہے کہ ان کی تین شادیاں ہو چکی ہیں تاہم پہلی دو شادیاں آپسی اختلافات کے باعث ٹوٹ گئی تھیں . سوبہ خان کی پہلی شادی خورشید بی بی کے ساتھ 1992 میں ہوئی جو کہ وٹہ سٹہ کی بنیاد پر کی گئی جس کے تحت سوبہ خان کی بہن کی شادی بھی خورشید بی بی کے ساتھ ہوئی تھی .سوبہ خان اور خورشید بی بی کے گھر بیٹا پیدا ہوا جس کا نام انہوں نے سکندر رکھا ، سکندر کی پیدائش کے بعد سوبہ خان کی بہن کو طلاق ہو گئی اور فیملی کو سپورٹ کرنے کیلئے سوبہ خان نے بھی اپنی بیوی خورشید بی بی کو طلاق دیدی . سوبہ خان کا کہناتھا کہ طلاق کے بعد اس نے دوسری شادی شہناز بی بی کے ساتھ کی جس سے اس کی بیٹی پیدا ہوئی جس کا نام ’ ظہرہ ‘ رکھا گیا .

سوبہ کی دوسری بیوی شہناز کے ساتھ بھی نہ بن پائی اور کچھ عرصہ بعد شادی ختم ہو گئی جس کے بعد اس نے تیسری شادی کی اور وہ اب اس کے ساتھ زندگی گزار رہاہے . سوبہ خان نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ پانچ ماہ قبل سکندر اور ظہرہ کی شادی اس کے علم میں لائے بغیر ہی کر دی گئی اور مجھے اس کا عمل پانچ ماہ گزرنے کے بعد ہوا. سوبہ خان کا کہناتھا کہ اسے شادی کے بارے میں علم واٹس پر موصول ہونے والے ایک پیغام کے ذریعے ہوا جس میں اسے نکاح نامہ بھیجا گیا تھا جو کہ سوشل میڈیا ایپ پر گردش کر رہا تھا .

سوبہ خان نے مبینہ طور پر الزام عائد کیا کہ اس کی سابقہ اہلیہ خورشید براہ راست ان حالات کی ذمہ دار ہے جو کہ فیملی میں یہ کہتی پھر رہی ہے کہ اس نے یہ قدم سوبہ خان سے اس کے ساتھ ہونے والی نا انصافی کا بدلہ لینے کیلئے کیا ہے .سوبہ خان کا کہناتھا کہ اس کی سابقہ اہلیہ خورشید کے چارسے پانچ رشتہ داروں نے اس شادی میں اہم کردار ادا کیا جن میں فرازنہ بی بی ، عاقب، عدنان اور دیگر شامل ہیں . سوبہ خان کی تیسری اور موجودہ اہلیہ کا کہناہے کہ اس سکندر اسلام آباد میں ایک مرچوں کی دکان پر کام کرتاہے ، ہم نے دکان کے مالک کو سکندر پر نظر رکھنے کیلئے کہا تھا ، دکان کے مالک نے بتایا کہ سکندر دن بھر کام کرتاہے اور شام کو چلا جاتاہے اور بتاتا ہے کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ رہ رہاہے اور انہوں نے گھر کرائے پر لیا ہے ،تاہم دکان کے مالک نے تحقیقات کیں تو چلا کہ سکندر نے شادی کی ہوئی ہے ،تو اس نے سکندر کے دوست سے نکاح نامہ حاصل کیا اور اسے سوبہ خان کو بھیج دیا . مقامی پولیس سٹیشن نے سوبہ خان کی درخواست پر دس افراد کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ،پولیس کاکہناہے کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں .

..