امریکی ارب پتی وارن بافٹ کی زندگی سادگی اور کفایت شعاری کا مجموعہ ہے۔ 86 ارب ڈالر کی دولت کی سلطنت رکھنے کے باوجود ان کی زندگی میں سادگی کا عنصر نمایاں ہے۔ ان کی بعض حیران کن عادات اور طرز زندگی کو کم لوگ جانتے ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق 87 سالہ ارب پتی وارن بافٹ امریکی ریاست نبراسکا کے اوھاما شہر میں رہتے ہیں۔ وہ آج بھی اسی سادہ اور چھوٹے سے گھر میں رہتے ہیں جو انہوں نے سنہ 1958ء میں 31 ہزار 500 ڈالر میں خرید کیا تھا۔
وارن بافٹ کا یومیہ ناشتے کا خرچ صرف 3.17 ڈالر ہے۔ وہ روزانہ کار پر اپنے دفتر جاتے ہیں۔ ان کے گھر اور دفتر کے درمیان پانچ منٹ کی ڈرائیونگ ہے۔وہ میکڈونلڈ سے انڈے، مکھن یا گوشت میں سے کوئی ایک چیز لیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں اپنی اہلیہ سے کہتا ہوں کہ وہ دو ڈالر 61 سینٹ، 2 ڈالر 95 سینٹ یا تین ڈالر اور 17 سینٹ مجھے دے دیں۔ وہ اتنے پیسے کار کی ایک طرف ایک پیالے میں ڈال دیتی ہیں۔وارن بافٹ کے بارے میں یہ تمام معلومات ان کی زندگی پر بنائی گئی ایک دستاویزی فلم میں سامنے آئی ہیں۔ یہ دستاویزی فلم ‘پیٹر کون ھارڈٹ’ نے تیار کی ہے۔ ان کا کہنا ہے جب مجھے کچھ کھانے یا ناشتہ کرنے کو دل کرتا ہے تو دو اعشاریہ 61 ڈالر لے کر جاتا ہوں۔ خود ہی کوکاکولا ڈالتا ہوں۔
وارن بافٹ کی زندگی کا ایک اور پہلو بھی حیران کن ہے۔ وہ مطالعے کے بے حد شوقین ہیں۔ عمر کے اس حصے میں بھی ان کا 80 فی صد وقت مطالعے میں گزرتا ہے۔وارن بافٹ کے مکان کے کل 5 کمرے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ اپنا پرانا گھر تبدیل کیوں نہیں کرتے تو ان کا کہنا تھا ہوسکتا ہے کہ میں نئے گھر میں اتنے سکون سے نہ رہ سکوں جتنا اس میں رہتا ہوں۔