Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

سابقہ اداکارہ ثناءخان کا مفتی انس سے نکاح

ممبئی: 23نومبر۔(ورق تازہ نیوز)مذہبی وجوہات کی بناءتفریحی انڈسٹری کو چھوڑنے والی ثناءخان کی گذشتہ رات گجرات میں مولانا مفتی انس سے شادی ہوگئی۔

سورت میں دونوں کی نکاح کی تقریب منعقد ہوئی۔ ثناءاور اس کے شوہر مفتی انس کی شادی کی دو ویڈیوز اب منظر عام پر آگئی ہیں۔ ان کی شادی سورت میں ہوئی تھی۔ ایک انگریزی ویب سائٹ کے مطابق ، اعجاز خان نے ثناءکا مفتی انس سے تعارف کرایا تھا۔

سامنے والی دو ویڈیوز میں سے ایک میں ثناء خان اپنے شوہر مفتی انس کے ساتھ سیڑھیاں اترتی نظر آرہی ہیں تو دوسری ویڈیو میں وہ اپنے شوہر کو کیک کھلارہی ہے ۔

ثناء خان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ وائرل ہونے والی ویڈیوز میں ثناء خان اپنے شوہر کے ساتھ حجاب میں سفید رنگ کے عروسی لباس میں نظر آرہی ہیں جب کہ ان کے شوہر مفتی انس نے بھی سفید رنگ کا کُرتا پایہ جامہ پہنا ہوا ہے۔ ایک اور ویڈیو میں دونوں اپنی شادی کا کیک بھی کاٹتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ثناء خان نے گزشتہ ماہ اکتوبر میں سوشل میڈیا پر ایک طویل پوسٹ میں اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا جب کہ سوشل میڈیا پر ان کے اس اقدام کو خوب سراہا گیا اور سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو سکون اور خوشی عطا کرے اور ہم سب کی رہنمائی فرمائے۔

ثناء خان نے فلم انڈسٹری کو ترک کرنے کا اعلان کرنے ہوئے لکھا تھا، "بھائیو اور بہنو، آج میں اپنی زندگی کے ایک اہم موڑ پر آپ سے بات کر رہی ہوں۔ میں سالوں سے شو بز (فلم انڈسٹری) کی زندگی گزار رہی ہوں اور اس عرصے میں ہر طرح کی شہرت، عزت اور دولت مجھے اپنے شیدائیوں کی طرف سے نصیب ہوئی، جس کے لیے میں ان کی شکرگزار ہوں۔ لیکن اب کچھ دن سے مجھ پر یہ احساس قبضہ جمائے ہوئے ہے کہ کیا انسان کے اس دنیا میں آنے کا مطلب صرف یہ ہے کہ وہ صرف دولت اور شہرت کمائے؟”

انہوں نے مزید لکھا تھا، ’’میں آج یہ اعلان کرتی ہوں کہ آج سے میں اپنی شو بز کی زندگی چھوڑ کر انسانیت کی خدمت اور اپنے پیدا کرنے والے کے حکم پر چلنے کا پختہ ارادہ کرتی ہوں۔ آخر میں تمام بھائیوں اور بہنوں سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ اب مجھے شو بز کے کسی کام کے لیے دعوت نہ دیں۔ بہت بہت شکریہ۔‘‘