۱۰؍ گھروں کی کنجیاں تقسیم کرنے کے لئے ۵ کروڑ روپئے کا خرچ
ممبئی: جھوٹ بولنے میں وزیراعظم کا کوئی ہاتھ نہیں پکڑ سکتا، یہ بات ملک کی عوام کو اچھی طرح معلوم ہے۔ لیکن زندگی بھر سچائی اور راست گوئی کا درس دینے والے سائی بابا کی شرڈی میں آکر بھی وزیراعظم نے جھوٹ ہی بولا، جس کا افسوس مجھ جیسے بہت سوں کو ہوا۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ممبرپارلیمنٹ اشوک چوہان نے کہی ہیں۔وزیراعظم کے اس دعوے کو کہ یوپی اے نے چارسال کے اندر ۲۵لاکھ مکانات تعمیر کئے جبکہ این ڈی اے نے ۱؍کروڑ ۲۵لاکھ مکانات تعمیر کئے، کانگریس کے ریاستی صدر نے اسے نرا جھوٹ قرار دیا اور کہا کہ زندگی بھر راست وحق گوئی کا درس دینے والے سائی بابا کے شہر میں آکر بھی وزیراعظم کا جھوٹ بولنا جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے اس دعوے سے ملک کی عوام کو قصداً گمراہ کیا ہے جبکہ انہیں اچھی طرح معلوم ہے کہ سچائی کیا ہے اور سچائی یہ ہے کہ ۲۰۰۴ سے ۲۰۱۳ کے یو پی اے حکومت کے دورِ اقتدار میں اندار آواس یوجنا کے تحت ۲ کروڑ ۲۴لاکھ ۳۷ہزار مکانات تعمیر کئے گئے، یعنی یوپی اے حکومت کے دور میں فی سال ۲۵لاکھ مکانات تعمیر کئے گئے۔ مودی حکومت نے پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت اعلان شدہ ہدف بھی آج تک پورا نہیں کرسکی ہے۔ یہ ان کی ہی حکومت کے ذریعے جاری کئے گئے اعداد وشمار سے ثابت ہوتا ہے۔ اشوک چوہان نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے دور میں ۲۰۱۳ میں راجیوگاندھی آواس یوجنا شروع ہوا، جس کے تحت ایک سال میں ۱؍کروڑ ۱۷؍لاکھ مکانات تعمیر کئے گئے۔ مودی حکومت نے اس یوجنا کانام تبدیل کرکے سردار پٹیل اربن ہاؤسنگ مشن کردیا اور ۲۰۲۲ تک ۲ کروڑ مکانات تعمیر کرنےکا وعدہ کیا۔ لیکن ۱۰؍جولائی ۲۰۱۷ تک محض ۱؍کروڑ ۳۳لاکھ مکانات ہی تعمیر کئے۔ ۲۰۰۸ سے ۲۰۰۱۳ کے درمیان یو پی اے حکومت نے ۱؍کروڑ ۲۸لاکھ ۹۲ہزار مکانات تعمیر کئے جس کا ذکر ۲۰۱۴ کے سی اے جی کی رپورٹ میں بھی موجود ہے، لیکن شرڈی جیسی مقدس سرزمین پر آکر بھی وزیراعظم جھوٹ بولنے کی اپنی عادت سے باز نہیں رہ سکے۔ اس جھوٹ کے ذریعے وہ ملک کی عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہےکہ جھوٹ بولنے کے معاملے میں ان کا ہاتھ کوئی نہیں پکڑ سکتا اور وہ ملک کے ہر مقدس سرزمین پر جاکر بھی جھوٹ بول سکتے ہیں۔