سائنسدانوں نے مردوں میں بانجھ پن کی اصل وجہ ڈھونڈ لی

مردوں کے بانجھ ہونے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں تاہم اب سائنسدانوں نے اس کی اصل جینیاتی وجہ تلاش کر لی ہے. میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں بتایا ہے کہ مردوں میں پایا جانے والا ’ایکس آر سی سی 1‘ (XRCC1)نامی جین مردوں میں بانجھ پن کی اصل وجہ ہے.جس مرد میں یہ جین میوٹ ہو جائے وہ بانجھ ہو سکتا ہے.

اس تحقیق میں چین کے منسٹری آف ایجوکیشن سکول آف پبلک ہیلتھ کے سائنسدانوں نے چوہوں پر تجربات کیے. انہوں نے کئی نر چوہوں میں یہ جین میوٹ کر دیا جس سے ان سب کی افزائش نسل کی صلاحیت ختم ہو گئی. سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ یہی فارمولا مردوں پر بھی لاگو ہو سکتا ہے تاہم سائنسدان اس تحقیق میں یہ معلوم نہیں کر سکے کہ اس جین کے میوٹ ہونے کی وجہ کیا ہوتی ہے. تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ’ایہوا گو‘کا کہنا تھا کہ ”جن چوہوں میں یہ جین میوٹ کیا گیا تھاان کا نطفہ ناکارہ ہو گیا تھا. اسی جین کی میوٹیشن مردوں کے سپرمز کو بھی ناکارہ کر دیتی ہے اور وہ اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت کھو دیتے ہیں.اب ہم یہ جان چکے ہیں کہ مردوں کے بانجھ پن میں اس جین کا بنیادی کردار ہوتا ہے. مزید تحقیق میں ہم اس کا علاج دریافت کرنے کی کوشش کریں گے.

Leave a comment