Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

زمانہ طالب علمی اور بعد میں زندگی میں دل کے دورے کے درمیان گہرا تعلق سامنے آگیا

سٹاک ہوم:سویڈن کے سائنسدانوں نے زمانہ طالب علمی میں مقبولیت اور آئندہ زندگی میں دل کے دورہ پڑنے اور سٹروک آنے کے درمیان انتہائی حیران کن تعلق دریافت کر لیا ہے . میل آن لائن کے مطابق سٹاک ہوم یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 14ہزار لوگوں پر تجربات کیے ہیں جن کی اوسط عمر 70سال تھی .

سائنسدانوں نے ان لوگوں کو ایک سوال نامہ دیا جس کے ذریعے 13سال کی عمر میں سکول میں ان لوگوں کی مقبولیت کو پرکھا گیا اور پھر آئندہ زندگی میں ان کو ہارٹ اٹیک اور سٹروک آنے کی شرح کے ساتھ اس کا موازنہ کیا گیا. رپورٹ کے مطابق نتائج میں معلوم ہوا کہ ان میں سے جو لوگ 13سال کی عمر میں غیرمقبول تھے اور زیادہ تنہاءرہتے تھے ان کو 33فیصد زیادہ ہارٹ اٹیک اور سٹروک آیا. تحقیقاتی ٹیم نے نتائج میں بتایا کہ ”سکول اور کالج کے دنوں میں دوستوں کی موجودگی اور ان کے ساتھ تعلق لوگوں کی آئندہ زندگی میں صحت پر بہت زیادہ اثرانداز ہوتا ہے. ہماری تحقیق میں اس بات کے واضح شواہد سامنے آئے ہیں کہ جو لوگ زمانہ طالب علمی میں تنہائی کا شکار رہیں اور ان کے زیادہ دوست نہ ہوں، ان کی ذہنی و جسمانی صحت دونوں متاثر ہوتی ہیں اور ایسے لوگوں کو دل کی بیماریوں سمیت کئی طرح کے عارضے زیادہ لاحق ہوتے ہیں.“واضح رہے کہ اسی نوعیت کی ایک تحقیق میں کنگز کالج لندن کے سائنسدان نے گزشتہ روز ہی انکشاف کیا ہے کہ جو لوگ اوائل عمری میں تنہائی کا شکار رہتے ہیں انہیں آئندہ زندگی میں دوسری قسم کی ذیابیطس لاحق ہونے کا خطرہ کئی گنا زیادہ ہوتا ہے.