زلزلے سے متاثرہ شامی لڑکے نبیل سعید کی رونالڈوکوکھیلتے دیکھنے کی خواہش کیسے پوری ہوئی؟

272

پرتگیزی فٹ بال اسٹارکرسٹیانورونالڈو کو سعودی عرب میں کھیلتے ہوئے دیکھنے کی خواہش کااظہار کرنے والے شامی لڑکے کا یہ خواب اب پورا ہواچاہتا ہے۔شام میں اسی ماہ آنے والے تباہ کن زلزلے سے متاثرہ علاقے سے تعلق رکھنے والے اس شامی بچے نے سعودی عرب میں فٹ بال اسٹارکوایکشن میں دیکھنے کی خواہش کا اظہارکیا تھا۔

اس شامی کم سن کا نام نبیل سعید ہے۔اس لڑکے نے شام میں 6 فروری کوتباہ کن زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں کام کرنے والی سعودی عرب کی ریسکیو ٹیم کے ایک رکن سے اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ترکیہ اور شام میں ریختراسکیل پر7.8 کی شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 47 ہزار سے زیادہ افراد مارے گئے ہیں اور لاکھوں زخمی اور بے گھر ہو چکے ہیں۔سعودی عرب زلزلے کے بعد سے دونوں ممالک کوامداد مہیاکررہا ہے اوراس کی امدادی ٹیمیں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

16فروری کو ٹویٹرپرپوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں نبیل سعید کو ریسکیوٹیم کے ایک رکن سے درخواست کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

جب نبیل سعید سے پوچھا گیا کہ اگر ان کی خواہش پوری کی جاتی ہے تو وہ کس کو اپنے ساتھ مملکت میں لے کرجاناپسندکریں گے تو انھوں نے معصومیت سے کہا:’’اپنے والد اوروالدہ کو‘‘ اورپھر بتایا کہ ان کے والد توفوت ہوچکے ہیں، اور وہ اپنی ماں کے ساتھ شام کے ساحلی شہراللذاقیہ میں رہتے ہیں۔سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے 16 فروری کو ٹویٹر پر ایک ویڈیوشیئر کی تھی۔اس میں انھوں نے نبیل سعید کے بارے میں دریافت کیا تھا کہ ان تک وہ کیسے رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔

آل الشیخ نے لکھا:’’میرے بیٹے، آپ اور آپ کی والدہ کا خیرمقدم ہے۔ان تک پہنچنے میں کون میری مدد کرسکتا ہے؟‘‘اگلے روزٹویٹر پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں نبیل سعید نے دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد آل الشیخ کا شکریہ ادا کیا۔

جمعہ کی رات کو آل الشیخ نے ٹویٹر پرایک اورویڈیو پوسٹ کی ہے۔اس میں نبیل سعید اور ان کی والدہ کی سعودی عرب میں آمد کو دکھایا گیا ہے۔شامی بچے نے اپنے جذبات کا اظہار ان الفاظ میں کیا ہے:’’اس خوب صورت دعوت نامے پرجناب ترکی آل الشیخ کا شکریہ… مجھے یقین نہیں آرہا کہ میں اب سعودی عرب میں ہوں‘‘۔سعودی عرب کی قدیم النصر فٹ بال کلب کے صدرمسلی آل معمر نے ٹویٹر پر نبیل سعید اور ان کے خاندان کا خیر مقدم کیا ہے اور بتایا کہ وہ النصرکلب کے اگلے میچ میں کرسٹیانورونالڈو کو میدان میں دیکھ سکیں گے۔تب تک یہ شامی خاندان سعودی عرب کا مہمان ہوگا۔رونالڈو النصر کلب کی جانب سے کھیلتے ہیں۔