’گڈ لک جیری‘ کے لئے پنجاب میں شوٹنگ کرنا ’بیڈ لک‘ ثابت ہوا کیونکہ وہاں کےکسانوں نےاس فلم کی شوٹنگ نہیں کرنے دی۔پنجاب کےپٹیالہ میں بالی وڈ کی فلم ’گڈ لک جیری‘ کی شوٹنگ چل رہی ہے جس میں جانہوی کپور سمیت بالی وڈ کے کئی معروف اداکار کام کر رہےہیں اور سب شوٹنگ کے لئے وہاں آئے ہوئے ہیں لیکن مقامی لوگوں نے اس فلم کی شوٹنگ رکوا دی اور کہا کہ جب تک حکومت نئے زرعی قوانین واپس نہیں لیتی تب تک شوٹنگ نہیں ہونے دی جائے گی۔

واضح رہےاگلے ہفتہ سلمان خان بھی اس فلم کی شوٹنگ کے لئے پٹیالہ آنےوالےہیں۔آج تک کی خبر کے مطابق جس وقت اس فلم کی شوٹنگ چل رہی تھی اس وقت کسانوں کی اس کی بھنک کہیں سےلگ گئی اور وہ اس خبر کے بعد موقع پر پہنچ گئے اور شوٹنگ بند کرانے کے لئے ہنگامہ کرنےلگے۔

جس وقت کسان وہاں ہنگامہ کر رہے تھے اس وقت ادکارہ جانہوی کپور وہاں موجود تھیں۔شوٹنگ کرنے والوں نے کسانوں کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن کسان اپنے مطالبہ پر اڑےرہے۔

کسانوں کےاس ہنگامہ کے بعد شوٹنگ کرنےوالے ارکان واپس اپنے ہوٹل لوٹ گئے لیکن کچھ دیر بعد کسانوں کا ایک گروپ وہاں بھی پہنچ گیا اور نعرے بازی کرنےلگا۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر ان کو جب سمجھایاتو وہ واپس چلےگئے ۔ پولیس نے کسانوں کو یقین دلایا کہ شوٹنگ پوری طرح بند کر دی گئی ہے۔کسانوں کو ناراضگی اس بات کی بھی ہے کہ فلم انڈسٹری ان کے حق میں ان کے ساتھ نہیں کھڑی ہوئی۔