ریت کے طوفان سے برج خلیفہ چھپ گیا

0 4

دوبئی: مشرق وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لینے والے ریت کے طوفان کے متحدہ عرب امارات سے ٹکرانے کے بعد دنیا کی سب سے اونچی عمارت برج خلیفہ دھول کی ایک سرمئی تہہ کے پیچھے غائب ہوگئی۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز 2716 فٹ بلند برج خلیفہ جس کے ٹاور پورے دبئی میں نظرآتے ہیں، گردوغبار کے طوفان میں چھپ گیا۔متحدہ عرب امارات ریت کے طوفانوں سے متاثر ہونے والا تازہ ترین ملک ہے ۔ اس طوفان نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب، عراق، کویت، ایران اور دوسرے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ان طوفانوں کی وجہ سے ایئرپورٹس اور اسکولس بند کردیے گئے ہیں جبکہ ہزاروں افراد سانس لینے میں دشواری کے باعث ہاسپٹل پہنچ گئے ہیں۔’واقی ڈاٹ انفو‘ اور ’پلم پولیشن ایپ‘ کے مطابق دارالحکومت ابوظبی کا ایئر کوالٹی انڈیکس راتوں رات ’خطرناک‘ زون میں پہنچ گیا۔مشرق وسطیٰ میں ریت کے طوفان مسلسل آرہے ہیں جن کی شدت بہت زیادہ ہوتی جا رہی ہے۔ اس کی وجہ گھاس میں کمی اور جنگلات کی کٹائی، دریا کے پانی کا زیادہ استعمال اور مزید ڈیموں کی تعمیر ہے۔ماہرین کے مطابق صورت حال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ کیونکہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے علاقائی موسم کی ترتیب متاثر ہوئی ہے۔