ریاض میں ’گلوبل انٹرپرینیورشپ کانفرنس کا آغاز

ریاض: سعودی ولی عہد ونائب وزیراعظم اوراقتصادی و ترقیاتی امورکی کونسل کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں اتوار27 مارچ کو ریاض میں ’گلوبل انٹرپرینیورشپ کانفرنس کا افتتاح کیا۔ 27تا30مارچ یہ کانفرنس شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر اور فائیوسٹار ہوٹل ریٹزکارلٹن میں منعقد کی جا رہی ہے۔کانفرنس کا اہتمام چھوٹی اور درمیانے درجے کی تجارتی اداروں کی اتھارٹی ’منشات ‘ نے گابل انٹرپرینیورشپ نیٹ ورک کے تعاون سے کیا ہے۔کانفرنس 30 مارچ تک جاری رہے گی جس میں 180 ممالک کے معروف سرمایہ کار، تاجراورفیصلہ ساز شخصیات شرکت کر رہے ہیں۔ چار روزہ عالمی سطح کی کانفرنس میں متعدد اہم موضوعات پرروشنی ڈالی جائے گی جن میں انٹرپرینیورشپ کے لیے متحدہ عالمی نظام کی تعمیرکے حوالے سے بھی اہم نکات زیر بحث آئیں گے۔ کانفرنس میں وبا کے بعد کے مرحلے کو سامنے رکھتے ہوئے کاروباری معاملات کے حوالے سے عالمی رجحانات کے بارے میں بھی غور کیا جائے گا۔ منعقدہ کانفرنس میں 100 سیشنز ہوں گے جن میں 150 سے زائد اسپیکرز شرکت کریں گے۔ مختلف ممالک سے آنے والے 26 وزراکے علاوہ عالمی سطح کی معروف تجارتی کمپنیوں کے اہم عہدیدار اورفیصلہ ساز شخصیات بھی مختلف موضوع پرگفتگو کریں گے۔ کانفرنس میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات میں سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز، وزیر سرمایہ کاری انجینئرخالد الفالح ، وزیر ٹیلی کمیونیکیشن اورانفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرعبداللہ السواحہ بھی شامل ہیں۔