ریاض : سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں شاہ عبداللہ مالیاتی مرکز کی تعمیر و تجہیز کا کام آخری مرحلے میں ہے اور اختتام کے قریب ہے۔ یہ بات باخبر ذرائع نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتائی۔ آنے والے دنوں میں اس ضخیم اقتصادی مرکز کا سرکاری طور پر افتتاح ہو جائے گا۔مذکورہ ذرائع نے باور کرایا کہ شاہ عبداللہ مالیاتی مرکز بہت سی عالمی کمپنیوں کا دفتر بنے گا اور اسے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پُر کشش بنانے کے واسطے ایک خصوصی اقتصادی زون میں تبدیل کیا جائے گا۔شاہ عبداللہ مالیاتی مرکز ریاض کے قلب میں 30 لاکھ مربع میٹر سے زیادہ کے رقبے پر واقع ہے۔ اسے دنیا کے چوٹی کے 22 انجینئروں نے مل کر ڈیزائن کیا ہے۔ یہ ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں دنیا کا سب سے بڑا ترقیاتی منصوبہ شمار کیا جا رہا ہے جس نے LEED سے پلاٹینیم سرٹفکیشن حاصل کی ہے۔لیڈرشپ ان انرجی اینڈ انوائرمنٹل ڈیزائن (LEED) پروگرام عمارت کے مالکان اور آپریٹرز کو عملی اور قابل پیمائش گرین بلڈنگ ڈیزائن، تعمیر، آپریشن اور دیکھ بھال کے حل کی شناخت اور ان پر عمل درمد کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتا ہے