جدہ : روسی اور یوکرینی مذاکرات کار جنگ سے بری طرح متاثر یوکرین کے بعض علاقوں میں انسانی راہداری بنانے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ فریقین کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے تحت شہریوں کے محفوظ انخلاء کے لیے عارضی جنگ بندی شامل ہے۔ کیف اور ماسکو دونوں کے مندوبین نے جمعرات کے روز جنگ بندی مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہریوں کے محفوظ انخلاء کے لیے انسانی راہداری تیار کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔نو روز قبل روس کی طرف سے یوکرین کے خلاف شروع کی جانے والی فوجی کارروائی کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان امن مذاکرات کا یہ دوسرا دور تھاجس میں کیف نے وسیع تر جنگ بند ی کا مطالبہ کیا۔یوکرینی صدر کے مشیر میخائیلوپوڈولایاک کا کہنا تھا کہ یوکرین کے ایجنڈے کے دو بنیادی نکات، عمومی جنگ بندی اور عارضی صلح، پر اتفاق رائے ممکن نہیں ہوسکا لیکن اس معاملے میں کچھ پیش رفت ضرور ہوئی۔انہوں نے کہا کہ فریقین بعض مقامات پر ممکنہ عارضی جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں تاکہ شہریوں کے انخلاء کی اجازت مل سکے۔ انہوں نے مزید بتایا،”ایسا ہر جگہ نہیں ہوگا، صرف ا ن مقامات پر ہوگا انسانی راہداری بنائی جائے گی اور انخلاء کی مدت کے دوران وہاں جنگ بندی رہے گی۔