Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

روحانی اور ٹروڈونے طیارہ حادثے کی جانچ میں تعاون پر گفت و شنید

تہران، 12 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے صدر حسن روحانی نے یوکرین طیارہ حادثے کے سلسلے میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سے فون پر بات چیت کی ۔ ایرانی صدر دفتر کی جانب سے ایک پریس بیان جاری کر کے یہ معلومات دی گئی ۔ مسٹر روحانی نے کہا‘‘ ایران اس حادثے کے سلسلے میں صورتحال کو واضح کرنے کے لئے بین الاقوامی قانون کے دائرے میں کسی بھی قسم کے بین الاقوامی تعاون کا خیر مقدم کرتا ہے اور اس مقصد کے لئے تمام قونصلر سہولیات فراہم کرے گا ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر ایران اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ کے درمیان بات چیت جاری رہے ’’ ۔مسٹر ٹروڈو نے ایک پریس کانفرنس میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یوکرین طیارہ حادثے کی جانچ میں ایران نے کینیڈا کو تعاون کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔ مسٹر ٹروڈونے کہا کہ جلد ہی کینیڈا کی ایک ٹیم اس حادثے کی جانچ کے لئے ایران پہنچے گی ۔ ایران کی پاسداران ِ انقلاب اسلامی کی قدس فورس ( آئی آ ر جی ایس ) نے ایک بیان جاری کر کے یوکرین کے بوئنگ 737 مسافر طیارے کو غلطی سے مار گرانے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ اس حادثے میں کینیڈا کے 57 لوگوں سمیت 176 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ واضح رہے کہ بدھ کو ہوئے اس طیارے حادثے میں طیارے میں سوار تمام مسافروں اور عملے سمیت کل 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔ مہلوکین میں زیادہ تر لوگ ایران اور کینیڈا کے تھے ۔ یہ حادثہ اسی دن ہوا جب ایران نے عراق میں امریکی ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر 15 سے زائد میزائل داغے تھے ۔

Read More