رنبیر-عالیہ کے گھر جلد گونجے گی کلکاری!

0 35

بالی ووڈ کی اداکارہ عالیہ بھٹ نے پیر کی صبح جیسے ہی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر حاملہ ہونے کی اطلاع دی، اس کے بعد سے ہی ان کے چاہنے والوں کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پر مبارکبادیوں کا سلسلہ جو شروع ہوا ہے تو تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ عالیہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ سونوگرافی کرواتی ہوئی معلوم پڑ رہی ہیں اور ان کے بغل میں کوئی بیٹھا ہوا ہے۔ اب عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے چاہنے والوں کو انتظار ہے کہ کب ان کے گھر میں کلکاری گونجتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے 14 اپریل کو کچھ انتہائی اہم لوگوں اور اہل خانہ کی موجودگی میں شادی کی تھی۔ اب جب عالیہ نے حاملہ ہونے کی خبر دی ہے تو بالی ووڈ ہستیاں بھی انھیں مبارکباد دے رہی ہیں۔ اس وقت عالیہ-رنبیر کے چاہنے والوں کو بالی ووڈ کے مشہور اداکار سنجے دَت کی وہ دعاء یاد آ رہی ہے جب دونوں کی شادی کی خبر پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا ’’جلدی بچے کرو رنبیر، اور خوش رہو!‘‘

دراصل رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی کی خبر پر دونوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سنجے دَت نے ’بامبے ٹائمز‘ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’اگر رنبیر شادی کر رہا ہے تو میں اس کے لیے بہت خوش ہوں۔ عالیہ تو میرے سامنے پیدا ہوئی اور بڑی ہوئی۔ شادی ایک کمٹمنٹ ہے جو وہ دونوں ایک دوسرے سے کر رہے ہیں، اور انھیں اسے پورا نبھانا چاہیے۔ ایک دوسرے کا ہاتھ تھامنا چاہیے اور شاندار طریقے سے خوشی، سکون کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ جلدی بچے کرو رنبیر، اور خوش رہو!‘‘