ریاض : سعودی عرب کی قصیم یونیورسٹی میں موسمیات کے پروفیسر اور موسمیاتی کمیٹی کے بانی اور سربراہ ڈاکٹر عبداللہ المسند نے توقع ظاہر کی کہ عید الفطر کا پہلا دن 2 مئی بروز پیر کو ہوگا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ 30 دن پرمشتمل ہوگا۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے مزید کہا کہ 29 رمضان المبارک بہ روز ہفتہ 30 اپریل کی مناسبت سے چاند 6.31پر غروب ہوگا جب کہ سورج 6.46پر غروب ہوگا۔یعنی چاند کا غروب سورج سے 15 منٹ پہلے ہو جائے گا اور اس وقت افق پر کوئی ہلال نہیں ہوگا۔مکہ المکرمہ اور سعودی عرب کے تمام آسمانوں حتی کہ افریقہ کے افق پر بھی کوئی چاند نظر نہیں آئے گا۔

اس کے بعد اسی روز رات 11.31پر چاند اور سورج کے درمیان ملاپ ہوگا۔اس کے بعد شوال کے چاند کی پیدائش ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اتوار کو رمضان المبارک 30 دن کا ہوگا اور 2 مئی کو فلکیاتی حساب کے مطابق سعودی عرب میں عید الفطر ہو گی۔