ریاض : مکہ مکرمہ ہیلتھ کلسٹر نے رمضان المبارک کے مقدس موسم کیلئے اپنی مکمل تیاریوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔محکمہ صحت کا کہنا ہیکہ رمضان المبارک کے دوران مقدس دارالحکومت میں10 ہاسپٹلس اور 82 صحت مراکز کا انتظام کیا گیا ہے جو ہنگامی بنیادوں پرمریضوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ میں مدد کریں گے۔ان ہاسپٹلس میں ایمرجنسی سنٹرز 24 گھنٹے کام کریں گے۔ مسجد الحرام کے شمالی جانب شاہ عبداللہ گیٹ کے سامنے واقع عظیم الشان مسجد میں زائرین اور معتمرین کو صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کیلئے ایک بڑا ہاسپٹل قائم کیا گیا ہے۔ میڈیکل کامپلکس کی راہداریوں میں تین ہنگامی مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں اور یہ سب ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جدید ترین آلات سے لیس ہیں۔اس کے علاوہ 5 موبائل کلینکس جن میں مربوط طبی ٹیمیں شامل ہوں گی، بھی زائرین اور رمضان کے دوران روزہ داروں کیلئے موجود رہیں گی۔
یہ موبائل کلینکس وسطی مکہ معظمہ اور مکہ مکرمہ کے داخلی راستے پر تقسیم کیے گئے ہیں، تاکہ لوگوں کو صحت کی خدمات فراہم کی جاسکیں۔