۔50 ہزار عازمین کا عمرہ متوقع۔ مسجد حرام میں ایک لاکھ مصلیوں کیلئے جگہ ہوگی

ریاض : سعودی عرب کی صدارتِ عامہ برائے امورالحرمین الشریفین نے رمضان المبارک میں مسجدالحرام میں عمرہ زائرین کی تعداد 50 ہزار اورعام عبادت گزاروں کی تعداد ایک لاکھ تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق یکم رمضان سے ہوگا۔مسجد الحرام میں آنے والے عمرہ زائرین اور عام عبادت گزارسعودی حکومت کی کوویڈ۔19 سے بچاؤ کے لیے اعلان کردہ حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کے پابند ہوں گے۔سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران میں صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی کوعمرہ ادا کرنے اور مقدس مقامات تک جانے کی اجازت ہوگی۔وزارت نے واضح کیا ہے کہ جو لوگ عمرے کے اجازت نامہ کے حصول کے خواہاں ہیں، وہ کوویڈ۔19 کی دونوں ویکسین لگوا لیں اور ویکسین کی ایک خوراک سے دوسری خوراک کے درمیان کم سے کم 14 دن کا وقفہ ہونا چاہیے۔اس کے علاوہ اگر کوئی شخص کوویڈ۔19 کا شکار ہونے کے بعد صحت یاب ہوچکا ہے تو اس سے متعلق وزارت صحت کی توکلنا ایپ پر یہ سب تفصیل ظاہر ہونی چاہیے۔سعودی عرب نے منگل کے روز کورونا وائرس کے 792 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی تھی۔اس طرح اب مملکت میں کوویڈ کے کل کیسوں کی تعداد 394169 ہوگئی ہے۔ان میں سے 6711 مریض وفات پا چکے ہیں۔


اپنی رائے یہاں لکھیں