’رحمانی 30‘ لگاتار لہرا رہا کامیابی کا پرچم، آئی آئی ٹی 2022 امتحان میں 57 طلبا کامیاب

315

مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی رہنمائی میں ’رحمانی 30‘ کے طلبا نے ایک بار پھر انجینئرنگ کے سب سے مشکل مقابلہ جاتی امتحان ’جے ای ای ایڈوانسڈ 2022‘ میں قابل قدر کامیابی حاصل کر ادارہ کا نام روشن کیا ہے۔

جے ای ای مینس میں ’رحمانی 30‘ کے 193 طالب علم میں سے 173 نے جے ای ای ایڈوانس کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ ان میں سے جے ای ای ایڈوانس کے امتحان میں مجموعی طور پر 146 طلبا نے شرکت کی اور 57 کو کامیابی حاصل ہوئی۔

قابل ذکر ہے کہ آئی آئی ٹی یعنی انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ملک کا سب سے اہم اور مشہور انجینئرنگ ادارہ ہے، جس کے لیے پہلے جے ای ای مینس کوالیفائی کرنا ہوتا ہے۔ رحمانی 30 کے 57 طلبا کی کامیابی پر ادارہ کے چیف ایگزیکٹیو افسر فہد رحمانی نے کہا کہ ’’سبھی طلبا مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انھوں نے اساتذہ کی دیکھ ریکھ میں سخت محنت کی، اور اب امیر شریعت امارت شرعیہ مولانا فیصل رحمانی کی خواہش ہے کہ یہ ریزلٹ جلد از جلد 100 کے پار لے جایا جائے۔‘‘

اس ہدف کو حاصل کرنے کے مقصد سے فہد رحمانی نے یہ اعلان بھی کیا کہ جلد ہی نویں اور دسویں درجہ سے ’رحمانی 30‘ کی تیاری شروع کی جائے گی تاکہ طلبا اپنی بنیاد کو مضبوط کر سکیں۔

’رحمانی 30‘ کے نگراں اور امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کے امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے آئی آئی ٹی 2022 میں ادارہ کے 57 طلبا کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ اللہ تعالیٰ کے رحم و کرم اور طلبا کی سخت محنت کا نتیجہ ہے۔ رحمانی 30 کے اساتذہ، معاونین، ٹیم کے اراکین اور سرپرستوں کو اس کامیابی کے لیے مبارکباد۔‘‘

اس موقع پر مولانا فیصل رحمانی نے ’رحمانی 30‘ کے بانی مولانا محمد ولی رحمانیؒ کے خوابوں کو مزید مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔