راہول گاندھی کے ہاتھوں روزنامہ ”ورق تازہ“ کے سپلیمنٹ کا اجراء

344

ناندیڑ:12نومبر ( ورقِ تازہ نیوز)ناندیڑو پربھنی سے شائع ہونے والے اردو روزنامہ ”ورق تازہ “نے 11نومبر2022 کو قومی یوم تعلیم کے موقع پراپنے طور پر شمارے میں ”قومی یو م تعلیم سپلیمنٹ “ شائع کیا ۔ اس سپلیمنٹ کا اجراءکانگریس پارٹی کے قومی قائد راہول گاندھی کے دست مبارک سے عمل میں آیا۔راہول گاندھی جی کی بھارت جوڑو یاترا 11نومبرکودوپہر ناندیڑ سے قریب پارڈی موضع پہونچی جہاں وہ کیمپ میں قیام پذیرتھے ۔

مدیراعلیٰ محمدتقی اور ادارہ ”ورق تازہ“ کی ٹیم کیمپ پہونچی۔ اور راہول جی سے سپلیمنٹ کے اجراءکی درخواست کی جسے انھوں نے فوری قبول کرلیا اوراپنے ہاتھوں اجراءکیا۔اس موقع پرکانگریس پارٹی کے قائد اور سابق وزیرو سابق ایم پی راجیہ سبھا حسین دلوائی ‘سابق ریاستی مملکتی وزیر ڈی پی ساونت ‘حسیب نداف(شولا پور) ‘ یوسف انصاری(اورنگ آباد)‘یوسف خاں پٹیل(ناندیڑ) وغیرہ موجود تھے ۔

قومی یوم تعلیم سپلیمنٹ میں ماہرین تعلیم اورادیبوں مبارک کاپڑی ممبئی ‘ پروفیسر صدیق محمد محمود حیدرآباد ‘ پروفیسر صادق نئی دہلی ‘ انور ظہیر رہبر‘برلن (جرمنی ) ‘ خواجہ کوثر حیات اورنگ آباد ‘شیخ فیاض الدین جالنہ‘خان حسنین عاقب پوسد‘ڈاکٹر قاضی سراج اطہر‘ امریکہ اور ناندیڑ کے قلمکار محمدتقی ‘ عبدالملک نظامی‘ڈاکٹر محمد عبدالرافع کے مضامین شامل ہیں ۔ سپلیمنٹ کی تدوین و پیشکش خواجہ کوثر حیات نے کی ہے ۔

جبکہ سیداطہر احمد نے اسے ترتیب دیا ہے۔واضح ہوکہ 28 سال سے روزنامہ”ورق تازہ“ کے دو علیحدہ علیحدہ پرنٹ ایڈیشن ناندیڑ و پربھنی سے شائع ہورہے ہیں۔ اور اب یہ ڈیجیٹل میڈیا کے دور میںبھی داخل ہوچکا ہے۔ویب سائٹ waraquetaza.com اور ور ق تازہ یوٹیوب چینل بھی قارئین میںکافی مقبول ہیں ۔ اس طرح میڈیا کے بیک وقت تین پلیٹ فارم سے قارئین و ناظرین تک رسائی ہورہی ہے۔