راہول گاندھی میں وزیراعظم بننے کی تمام خوبیاں موجود

0 12

نئی دہلی ۔ /30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی میں وزیراعظم بننے کی تمام خوبیاں موجود ہیں ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے کہا کہ راہول گاندھی نے اپنے سیاسی تدبر تصور و فہم فراست کا ثبوت دیدیا ہے ۔ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا مسئلہ بھی کانگریس پارٹی اور اس کی تمام حلیف پارٹیوں کی جانب سے متفقہ طور پر حل کرلیا جائے گا اور لوک سبھا انتخابات 2019 ءکے بعد راہول گاندھی ہی کانگریس اور حلیف پارٹیوں کے متفقہ امیدوار ہوں گے ۔ ششی تھرور نے یہ بھی کہا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات نے یہ واضح کرلیا ہے کہ کانگریس ہی متبادل سیاسی پارٹی ہے جس کے اندر پیان ۔ انڈیا کا نظریہ پایا جاتا ہے ۔ لہذا وہ کسی بھی قومی اتحاد کے لئے اپنے ”فطری صلاحیتوں“ کا مظاہرہ کرے گی ۔ راہول گاندھی ہمارے لیڈر ہیں اس کا مطلب یہ کہ اگر کانگریس کو اکثریت حاصل ہوگی تو وہ وزیراعظم ہوں گے ۔ اگر کانگریس مخلوط حکومت میں ہوگی تو بلاشبہ دیگر حلیف پارٹیوں کے ساتھ مل کر راہول گاندھی کو متفقہ طور پر وزارت عظمیٰ کا امیدوار بنایا جائے گا ۔ تھرور نے کہا کہ وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کانگریس اور اس کی حلیف پارٹیوں کا ہی ہوگا اور اس کے لئے باقاعدہ ایک مستحکم اتفاق رائے کا عمل پورا کرلیا جائے گا ۔