راجستھان کے ماؤنٹ آبو میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سیلسیس

0 1

ماؤنٹ آبو، 9 جنوری (یو این آئی) راجستھان کے واحد پہاڑی سیاحتی مقام ماؤنٹ آبو کی وادیوں میں کڑاکے کی ٹھنڈ پڑنے سے عام زندگی متاثر ہوگئی ہے۔علاقے میں اتوار کے روز کم سے کم درجہ حرارت منفی دو ڈگری سیلسیس تک پہنچنے سے ٹھنڈ کی شدت میں اضافہ ہوا۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سیلسیس پر برقرار رہا۔


شدید ٹھنڈ کے باعث گھروں کے باہر کھڑی گاڑیوں کی چھتوں، سولر پلیٹوں، درختوں کے پتوں، کھلے میدان، آبی ذخائر کے کنارے اور گھاس پرصبح کے وقت برف کی سفید چادر جمی ہوئی نظر آئی۔ لوگوں نے اپنی روزمرہ کے کام کاج اور کاروباری سرگرمیاں صبح دیر سے شروع کیں۔شام ہوتے ہی سردی کی لہر میں شدت آگئی۔ لوگ سردی سے بچنے کے لیے جلد ہی گھروں میں دبک گئے۔
سردی کی وجہ سے گاؤں کے لوگوں کو دودھ اور سبزیاں منڈیوں تک پہنچانے میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اگرچہ مطلع صاف ہونے کی وجہ سے دھوپ نکلی ہوئی تھی لیکن برفیلی ہواؤں کی وجہ سے دھوپ کا اثر ماند پڑ گیا۔