دہلی: دہلی پولیس کی اکنامک کرائم برانچ نے ہریانوی گلوکار ہ اور ڈانسر سپنا چودھری کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرلیا۔ دہلی پولیس کے مطابق ، سپنا چودھری اور ایک دیگر کے خلاف تقریباً 4 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کی شکایت اکنامک کرائم برانچ میں درج ہوئی ہے ۔ یہ شکایت 10 فروری کو درج کی گئی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ سپنا چودھری نے اسٹیج شو کے لئے پی آر کمپنی اور دیگرکمپنیوں کے ساتھ ڈانس اور سنگنگ کے معاہدے پر دستخط کئے تھے ۔ اس کے لئے سپنا نے موٹی رقم بھی لی تھی ،لیکن وہ اسٹیج شو کرنے نہیں پہنچی۔سپنا پر الزام ہے کہ اس نے لون کے نام پر ایڈوانس لیا ، لیکن نہ تو اس نے وہ پیسے لوٹائے اور نہ ہی اسٹیج شو کیا ۔

شکایت کی بنیاد پر ، سپنا اور دیگر کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 420 ، 120 اور 406 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اکنامک کرائم برانچ جلد ہی اس معاملے میں سپنا کو نوٹس بھیجے گی۔ یہ پہلا موقع نہیں جب سپنا کسی قانونی پچڑے میں پھنسی ہو۔ اس سے قبل سال 2019 میں ، سپنا چودھری کے بھائی نے ایک پروگرام کے منتظم پر پولیس میں شکایت درج کرائی ۔ در ا صل اس وقت ایونٹ کے منتظم نے سپنا کے شو کے لئے آٹھ لاکھ دینے کی بات کہی تھی لیکن اس نے چھ لاکھ دیئے تھے ، جس کے بعد سپنا کے بھائی نے بقایا رقم کے لئے مقدمہ درج کرادیا تھا۔