”دہلی پولیس شرم کرو “کے نعروں کےساتھ پاپولر فرنٹ کاناندیڑضلع کلکٹریٹ کے روبرواحتجاجی مظاہرہ

ناندیڑ :13 مارچ (ورق تازہ نیوز) گذشتہ دنوں دہلی پولیس نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے دہلی اسٹیٹ لیڈر کو گرفتار کیا۔ اور ساتھ دیگر مسلم نوجوانوں کو بھی دہلی پولیس بے وجہ گرفتار کررہی ہے۔ جس کی مخالفت میں آج پاپولر فرنٹ آف انڈیا نے ملک بھر میں مختلف شہروں میں دہلی پولس کے خلاف احتجاج درج کیا۔ فرنٹ کا کہنا ہے کہ دہلی پولیس مرکزی حکومت کے اشارے پر کام کررہی ہے۔ جس کی وجہ سے وہ دہلی میں ہوئے فسادات کے اصل مجرموں کو پکڑنے کے بجائے بے قصور مسلم نوجوانوں اور مسلم لیڈرس کو ہراساں کررہی ہے۔ فرنٹ کے ذمہ داروں نے صاف طور پر کہا ہے کہ دہلی فساد ایک سوچی سمجھی سازش تھی۔

باضابطہ طور پر فسادیوں کو باہر سے لایا گیا اور جب وہ دہلی کی سڑکوں پر خون کی ہولی کھیل رہے تھے اور بے گناہ مسلمانوں کی املاک کو نذر آتش کررہے تھے جبکہ دہلی پولیس خاموش تماشائی بنی کھڑی تھی بلکہ دہلی پولیس نے خود فسادیوں کو بھرپور تعاون کیا۔ جس کے ویڈیوز موجود ہیں۔ چار دِن تک فساد چلتا رہا۔ جس میں کئی مسلمان مارے گئے۔ کئی مسلمانوں کے گھر اور دکانوں کو جلایا گیا ۔ مسلمانوں کا جانی و مالی نقصان کیا گیا اور اس کے بعد اس فساد کا اِلزام بھی مسلمانوں ہی کے سر رکھ دیا گیا۔ اور دہلی پولیس فساد کا ذمہ دار قرار دے کر کسی کو بھی گرفتار کررہی ہے۔ جس کے چلتے گذشتہ کل پاپولر فرنٹ کے بھی کچھ ایک لیڈرس کو گرفتار کیا گیا۔ دہلی پولیس کے اس تانا شاہی رویہ کے خلاف آج پاپولر فرنٹ نے ملک بھر میں مورچہ کھول دیا۔ اور ملک کے مختلف شہروں میں تنظیم کی جانب سے احتجاجی دھرنے منعقد کئے گئے۔

جس میں دہلی پولیس کو جم کر نشانہ بنایا گیا۔ اِن دھرنوں میں دہلی پولیس شرم کرو، دہلی پولیس مردہ باد، ہٹلر شاہی مردہ باد ، تانا شاہی بند کرو جیسے کئی نعرے لگائے گئے۔ اِس ضمن میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی شاخ ناندیڑ نے بھی دفتر کلکٹر کے روبرو ایک احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ جس میں فرنٹ کے دہلی کے ذمہ داروں کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ فرنٹ کے اِس دھرنے کو شہر ناندیڑ کی بہت سی سیاسی، سماجی تنظیموں و شخصیتوں نے حمایت دی۔ جس میں خاص طور پر مجلس اتحاد المسلمین کے سابقہ ریاستی صدر جناب سید معین صاحب نے بھی اپنی شرکت درج کرائی ۔ ساتھ ہی سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی آف انڈیا کے ضلع صدر اعجاز احمد شیخ ، آل انڈیا امامس کونسل کے ضلع صدر جناب مولانا ایوب قاسمی صاحب، خادمین امت کے امیر جناب عابد خان صاحب، شہر ناندیڑ کے مشہور صحافی جناب خالد انصاری صاحب، مسلم متحدہ محاذ کے ایڈوکیٹ نصیر الدین فاروقی صاحب، سماجی خدمت گار و مجلسی لیڈر اسلم خان صاحب، خادمین امت کے ظہیر انعامدار سر و جناب داﺅد سر و دیگر کئی شخصیات نے شرکت کی۔ پاپولر فرنٹ کے ناندیڑ ضلع صدر احمر ندیم نے سبھی کا خیر مقدم کیا۔ آخر میں فرنٹ کے ناندیڑ ضلع سکریٹری عطاءالرحمن نے شکریہ ادا کرتے ہوئے دھرنے کے اختتام کا اعلان کیا۔