
نئی دہلی، 11 مارچ (یو این آئی) ملک کے تیسرے صدر جمہوریہ ڈاکٹر ذاکر حسین کے خانوادے میں آج ان کے پر نواسے کا نکاح خاتون قاضی کے ذریعہ پڑھایا گيا نکاح خوانی کے بعد سیدین منزل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تیسرے صدر جمہوریہ ڈاکٹر ذاکر حسین کے پرنواسے جبران ریحان رحمان ولد یوسف ریحان رحمان کا عقد نکاح ارسیلا علی بنت قربان علی کے ہمراہ باندھا گیا۔ شادی کی تقریب میں خاندان کے قریبی رشتہ داروں اور احباب نے شرکت کی۔ اس نکاح کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ڈاکٹر سیدہ سیدین حمید نےقاضی کی حیثیت سے خطبہ نکاح پڑھا اور عقد نکاح کی دیگر رسومات انجام دیں۔ نکاح کے لیے شرائط وکوائف کو خواتین کی مشہور تنظیم ‘مسلم ویمن فورم’ کے ذریعہ تیار کیا گیا تھا۔
NIKAH PERFORMED BY FEMALE QAZI IN DELHI.
Between great-grandson of Dr.Zakir Husain (3rd President)- Gibran Rehan Rahman and Ursila Ali daughter of Qurban Ali The ceremony was performed by Dr. Syeda Saiyadain Hameed (Ex Member Plan Comm). pic.twitter.com/cDUpdEFuId— لا إله إلا الله (@confidantaa) March 12, 2022
نکاح کو اس طورپر اہم خیال گیا ہے کہ اس میں نکاح کے لوازم مہر، گواہ اور قاضی کے علاوہ نکاح نامہ میں ایک اقرار نامہ بھی شامل کیا گیا ہے جس پر دونوں فریقین نے اتفاق کیا ہے۔ اس اقرار نامہ نامہ میں مساوی حقوق اور ذمہ داریوں اور عائلی زندگی کے دیگر امور سے متعلق متفقہ شرطوں کا ذکر ہے۔ نکاح کے پروگرام میں قاضی نکاح ڈاکٹر سیدہ سیدین حمید نے رشتہ ازدواج کے حوالے سے دونوں کے فریقین کی رضامندی سے باقاعدہ خطبہ نکاح پڑھ کر دولہا -دلہن کے مابین ایجاب و قبول کی رسم انجام دی۔
اس موقع پر انہوں نے مولانا ابوالکلام آزاد کی تفسیر ‘ترجمان القرآن’ سے سورہ احزاب کی آیات 33-35 کی تفسیر و تشریح بھی سنائی اور دولہا و دلہن کو خوشگوار ازدواجی زندگی کے لیے نیک دعائیں دیں۔

